OpenAI

Effective: ۱۲ نومبر، ۲۰۲۶

ChatGPT والیٹ کی رازداری کا نوٹس

ChatGPT والیٹ اہل صارفین کو اپنا اہل ادائیگی کارڈ محفوظ کرنے اور ChatGPT کو ہدایت دینے کی سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ اس کارڈ سے منسلک ادائیگی کی اسناد استعمال کرتے ہوئے کسی مرچینٹ سے کی جانے والی خریداری مکمل کرنے میں مدد کرے. یہ والیٹ پرائیویسی نوٹس اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ OpenAI OpCo, LLC (جسے اس نوٹس میں “OpenAI”، “ہم” یا “ہمارا” کہا گیا ہے) امریکہ میں ChatGPT والیٹ استعمال کرتے وقت آپ کی معلومات کو کس طرح سنبھالتا ہے. یہ OpenAI پرائیویسی پالیسی⁠ کی تکمیل کرتا ہے. ChatGPT والیٹ استعمال کرتے وقت ہم جو کچھ معلومات جمع کرتے ہیں، ان میں سے بعض معلومات OpenAI پرائیویسی پالیسی کے تحت بھی آتی ہیں اور انہیں OpenAI کی دیگر سروسز کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے. یہ والیٹ پرائیویسی نوٹس صرف ChatGPT والیٹ کے لیے معلومات کے استعمال کے طریقے کی وضاحت کرتا ہے.

1جو معلومات ہم جمع کرتے ہیں اور استعمال کرتے ہیں

جب آپ پہلی بار ChatGPT والیٹ استعمال کریں گے تو آپ کے سامنے کارڈ کی معلومات درج کرنے کے لیے ایک محفوظ فارم ظاہر ہوگا. ہماری ادائیگی کی سروس فراہم کرنے والی کمپنی آپ کے کارڈ نمبر، میعاد ختم ہونے کی تاریخ، سیکیورٹی کوڈ، بلنگ ایڈریس اور ادائیگی کی تصدیق کے لیے درکار دیگر معلومات حاصل کرے گی. OpenAI کو ادائیگی کا ایک محفوظ ٹوکنائزڈ شناختی کوڈ اور کارڈ سے متعلق صرف محدود معلومات موصول ہوتی ہیں، مثلاً کارڈ نیٹ ورک، کارڈ جاری کرنے والا بینک، کارڈ کی قسم، کارڈ کے آخری چار ہندسے، میعاد ختم ہونے کی تاریخ، بلنگ کا ملک یا پوسٹل کوڈ، اور یہ بتانے والی معلومات کہ ادائیگی کا یہ طریقہ قابلِ استعمال ہے یا نہیں اور اس کی موجودہ حیثیت کیا ہے. OpenAI کو کریڈٹ کارڈ کا مکمل نمبر یا سیکیورٹی کوڈ موصول نہیں ہوتا.

جب آپ ChatGPT والیٹ استعمال کرتے ہیں، تو ہم درج ذیل معلومات بھی جمع کرتے اور استعمال کرتے ہیں:

  • رابطے کی معلومات اور شناختی معلومات: ہم آپ کا نام اور رابطے کی معلومات جمع کرتے ہیں، جن میں آپ کا ای میل ایڈریس، فون نمبر، بلنگ ایڈریس، شپنگ ایڈریس، اور رابطے یا ترسیل سے متعلق وہ دیگر معلومات شامل ہیں جو آپ ہمیں فراہم کرتے ہیں یا ChatGPT سے استعمال کرنے کو کہتے ہیں. ہم آپ کے OpenAI اکاؤنٹ سے متعلق معلومات بھی جمع کرتے ہیں، مثلاً آپ کے سبسکرپشن پلان کی قسم اور آپ کے اکاؤنٹ سے منسلک ایک منفرد شناختی نمبر (ID).

  • خریداری اور لین دین سے متعلق معلومات: جب آپ ChatGPT والیٹ کے ذریعے کوئی خریداری کرتے ہیں تو ہم اس لین دین سے متعلق معلومات جمع کرتے ہیں. ان میں مرچینٹ یا فروخت کنندہ کا نام، لین دین کی تاریخ اور وقت، رقم اور کرنسی، اور دیگر تفصیلات شامل ہو سکتی ہیں، مثلاً  آپ کا کارڈ اس ادائیگی کے لیے قابلِ استعمال تھا یا نہیں، آپ نے کون سی اشیا یا خدمات خریدیں، ان کی مقدار، ٹیکس، فیس، ترسیل کے اخراجات، رعایت اور مصنوعات کی تفصیل. ہم وصول کنندہ اور ترسیل سے متعلق معلومات کے ساتھ آرڈر کی موجودہ حیثیت بھی جمع کر سکتے ہیں، مثلاً ادائیگی کی منظوری ہوئی یا نہیں، آرڈر مکمل ہوا، منسوخ ہوا، رقم واپس کی گئی، ادائیگی پر تنازع پیدا ہوا، یا رقم واپس وصول کی گئی. ہم ChatGPT والیٹ کے ذریعے کی جانے والی آپ کی سرگرمیوں کا ریکارڈ بھی محفوظ کرتے ہیں. اس میں آپ کی خریداری کی درخواست، یہ معلومات کہ آپ نے خریداری کی منظوری دی یا اسے مسترد کیا، تصدیق کے عمل کا نتیجہ، خریداری کے لیے استعمال کیے گئے وقت اور ڈیوائس کی معلومات، اور مرچینٹ یا فروخت کنندہ کو بھیجی گئی درخواست کا ریکارڈ شامل ہوتا ہے.

  • ڈیوائس، سیکیورٹی اور فراڈ سے متعلق معلومات: ہم ChatGPT والیٹ کو محفوظ رکھنے اور دھوکہ دہی یا غلط استعمال کی نشاندہی کرنے کے لیے مختلف معلومات جمع کرتے ہیں. ان میں آپ کا IP ایڈریس، ڈیوائس اور براؤزر کی قسم، ایپ کا ورژن، ڈیوائس کی شناخت اور سیٹنگز، آپ کا قریبی لوکیشن، ChatGPT والیٹ میں آپ کی سرگرمیاں، اور خطرات، فراڈ اور سیکیورٹی سے متعلق معلومات شامل ہو سکتی ہیں. ہم شناخت کی تصدیق، پابندیوں کی جانچ اور آتھینٹیکیشن کے لیے استعمال ہونے والی معلومات کے علاوہ مشتبہ فراڈ، غلط استعمال یا سیکیورٹی سے متعلق واقعات کی معلومات بھی جمع کر سکتے ہیں.

ہم اس معلومات کا بیشتر حصہ براہِ راست آپ سے یا ChatGPT والیٹ اور OpenAI کی دیگر سروسز کے آپ کے استعمال کے ذریعے جمع کرتے ہیں. ہم اوپر بیان کردہ بعض معلومات مرچینٹ حضرات، کارڈ جاری کرنے والے اداروں، کارڈ نیٹ ورکس اور ادائیگی کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے بھی حاصل کرتے ہیں. ان معلومات میں یہ شامل ہو سکتا ہے کہ آیا آپ کا کارڈ کسی ادائیگی کے لیے قابلِ استعمال ہے، ٹوکن سے متعلق معلومات، لین دین کی تفصیلات، اور فراڈ، شناخت، پابندیوں اور سیکیورٹی سے متعلق معلومات. جہاں قابلِ اطلاق ہو، ہم ان فریقوں کے ساتھ اپنے معاہدوں کے مطابق ان معلومات کو استعمال کرتے ہیں.

2. ہم ChatGPT والیٹ کی معلومات کس طرح استعمال کرتے ہیں

ہم جمع کی گئی معلومات کو OpenAI پرائیویسی پالیسی⁠ میں بیان کردہ مقاصد کے لیے، آپ کی ڈیٹا کنٹرول⁠(نئی ونڈو میں کھلتا ہے) سیٹنگز کے مطابق، استعمال کرتے ہیں. اس کے علاوہ، ہم ان معلومات کو درج ذیل مقاصد کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں:

  • آپ کے ChatGPT والیٹ کو قائم کرنے اور اس کا انتظام کرنے کے لیے، جس میں کارڈز اور ادائیگی کی اسناد کو شامل کرنا، ان کی تصدیق کرنا، انہیں ٹوکنائز کرنا، دکھانا، اپ ڈیٹ کرنا، ہٹانا،

  • خریداریوں کو تیار کرنا، آپ کی منظوری کے لیے انہیں دکھانا، خریداری کی درخواست جمع کرانا اور اس کی تصدیق کرنا، اور ان خریداریوں کا ریکارڈ محفوظ رکھنا شامل ہے؛

  • ChatGPT والیٹ کے لیے معاونت فراہم کرنا، جس میں ناکام یا متنازع لین دین کی جانچ میں مدد کرنا اور ChatGPT والیٹ کے بارے میں آپ سے رابطہ کرنا شامل ہے.

  • صارفین اور خریداری کی منظوریوں کی تصدیق کرنا، اور ChatGPT والیٹ سے متعلق فراڈ، غلط استعمال، سیکیورٹی کے واقعات اور ممنوعہ لین دین کی روک تھام، نشاندہی اور تحقیقات کرنا؛ اور

  • قابلِ اطلاق قوانین، پابندیوں، کارڈ نیٹ ورک کے قواعد، قانونی تقاضوں اور معاہداتی ذمہ داریوں کی پابندی کرنا؛ افراد کے حقوق اور سلامتی کا تحفظ کرنا؛ اور اپنی شرائط و پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنانا.

3. ہم ChatGPT والیٹ کی معلومات کیسے ظاہر کرتے ہیں

ہم اس والیٹ پرائیویسی نوٹس کے تحت آنے والی معلومات کوOpenAI پرائیویسی پالیسی میں بیان کردہ حالات میں، نیز درج ذیل فریق پر بھی افشاء کرتے ہیں:

  • ادائیگی اور سیکیورٹی فراہم کرنے والے ادارے: ہم ادائیگی کی خدمات فراہم کرنے والے ایسے اداروں کے ساتھ کام کرتے ہیں جو آپ کے کارڈ کی معلومات کو محفوظ طریقے سے جمع یا محفوظ کرتے ہیں.  ہم ادائیگی اور سیکیورٹی کی خدمات فراہم کرنے والے ایسے اداروں کے ساتھ بھی کام کرتے ہیں جو والیٹ کو چلانے میں ہماری مدد کرتے ہیں. یہ ادارے کارڈ کی معلومات کو ٹوکنائز کرنے، ادائیگی کے لیے اسناد تیار کرنے، لین دین کو پروسیس کرنے یا متعلقہ ادارے تک پہنچانے،  خریداری کی منظوری کی تصدیق کرنے، فراڈ کی روک تھام کرنے، اور کلاؤڈ، تجزیاتی، معاونتی یا سیکیورٹی کی خدمات فراہم کرنے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں.

  • مرچینٹ اور ان کے خدمات فراہم کرنے والے ادارے: جب آپ ChatGPT والیٹ کے ذریعے کوئی خریداری کرتے ہیں تو ہم یا ہمارے سروس فراہم کرنے والے ادارے، آپ کا آرڈر دینے اور اسے مکمل کرنے کے لیے ضروری معلومات مرچینٹ اور اس کے خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو فراہم کرتے ہیں.

  • کارڈ جاری کرنے والے ادارے اور ادائیگی کے نیٹ ورکس: ہم اور ہمارے سروس فراہم کرنے والے بعض معلومات آپ کے کارڈ جاری کرنے والے ادارے اور ادائیگی کے نیٹ ورکس کے ساتھ شیئر کرتے ہیں. یہ معلومات اس بات کی جانچ کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں کہ آیا آپ کا کارڈ استعمال کے لیے، ادائیگی کی اسناد تیار کرنے یا ان کا انتظام کرنے، لین دین کی منظوری دینے یا اسے پروسیس کرنے، فراڈ کی روک تھام کرنے اور ادائیگی سے متعلق تنازعات حل کرنے کے لیے اہل ہے.

ہم ChatGPT والیٹ کے ذریعے جمع کی گئی معلومات فروخت نہیں کرتے. ہم ان معلومات کو مختلف ویب سائٹس یا سروسز پر آپ کی سرگرمیوں کا سراغ لگانے یا آپ کو آپ کی سرگرمیوں اور دلچسپیوں کی بنیاد پر مخصوص اشتہارات دکھانے کے لیے بھی شیئر نہیں کرتے. تھرڈ پارٹی ادارے، جیسے مرچینٹ، کارڈ جاری کرنے والے ادارے، ادائیگی کے نیٹ ورکس اور ان کے سروس فراہم کرنے والے، جب اپنی ضروریات یا مقاصد کے لیے آپ کی معلومات استعمال کرتے ہیں تو وہ ان معلومات کو اپنی شرائط اور اپنی پرائیویسی پالیسی کے مطابق استعمال کرتے اور سنبھالتے ہیں.

4. برقرار رکھنا

کسی ادائیگی کے کارڈ کو والیٹ سے ہٹانے کے بعد بھی وہ محدود مدت تک آپ کے ChatGPT والیٹ میں موجود رہ سکتا ہے. ایسا ادائیگی کی اسناد کو غیر فعال کرنے، زیرِ التوا لین دین مکمل کرنے، فراڈ کی روک تھام کرنے یا قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہو سکتا ہے. ہمارا سروس فراہم کرنے والا آپ کے کارڈ کی اصل معلومات اپنے معاہدے، متعلقہ کارڈ نیٹ ورکس کے قواعد اور قابلِ اطلاق قوانین کے تقاضوں کے مطابق محفوظ رکھتا ہے.

ہم اس والیٹ پرائیویسی نوٹس میں بیان کردہ دیگر معلومات کو اوپر بیان کیے گئے مقاصد کے لیے جتنی مدت تک معقول طور پر ضروری ہو، اتنی مدت تک محفوظ رکھتے ہیں. بہت سے معاملات میں، یہ مدت آپ کی منتخب کردہ سیٹنگز پر بھی منحصر ہوتی ہے. مزید معلومات کے لیے، براہ کرم OpenAI کی پرائیویسی پالیسی میں معلومات محفوظ رکھنے سے متعلق حصے کو دیکھیں.

5. آپ کے اختیارات اور حقوق

آپ یہ انتخاب کر سکتے ہیں کہ کارڈ شامل کرنا ہے یا خریداری کی منظوری دینی ہے. آپ اپنے OpenAI اکاؤنٹ کی سیٹنگز میں جا کر کارڈ ہٹا سکتے ہیں اور ChatGPT والیٹ کی سیٹنگز مینیج کر سکتے ہیں. کارڈ ہٹانے سے ایسی خریداری منسوخ نہیں ہوتی جو نافذ ہو چکی ہے. اسی طرح، اس سے وہ ریکارڈ بھی حذف نہیں ہوتے جنہیں ہمیں اوپر بیان کیے گئے مقاصد کے لیے محفوظ رکھنا ضروری ہے.

اپنے لیے دستیاب اضافی اختیارات اور رازداری کے حقوق، نیز ان حقوق کو استعمال کرنے کے طریقۂ کار کو سمجھنے کے لیے، براہِ کرم OpenAI پرائیویسی پالیسی⁠ کے ڈیٹا کنٹرولز (Data Controls) اور آپ کے حقوق (Your Rights) کے حصوں کا جائزہ لیں.

6. بچے اور امریکی دائرہ کار

ChatGPT والیٹ صرف امریکہ میں بالغ افراد کے لیے ہے. 18 سال سے کم عمر افراد اس کا استعمال نہیں کر سکتے.

7. تبدیلیاں 

جب ChatGPT والیٹ میں تبدیلیاں کی جائیں یا اس میں نئی سہولیات شامل کی جائیں تو ہم اس والیٹ پرائیویسی نوٹس کو بھی اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں. جب ہم اس میں کوئی تبدیلی کریں گے تو ہم اس نوٹس کا تازہ ترین ورژن اور اس کے نافذ العمل ہونے کی تاریخ اسی صفحے پر شائع کریں گے، الا یہ کہ قابلِ اطلاق قانون کے تحت آپ کو اطلاع دینے کا کوئی اور طریقہ ضروری ہو.